Selections from the Writings of 'Abdu'l-Bahá
Urdu ·
AB00034 AB00034
ہواللہ
اے دریائے موہبت! موج میں آ، اور اے آفتاب عنایت! تجلی فرما۔ رحم کر، مہربانی فرما۔ تیرے جمال کی قسم، جز خطا کوئی متاع نہیں اور جز خواہشات کوئی عمل نہیں۔ مگر یہ کہ تیری خطاپوشی کا پردہ سایہ کرے اور تیری حفاظت و حمایت شامل حال ہو ورنہ ا ن ناتوانوں کی کیا طاقت کہ تیری خدمت پر کمربستہ ہوں اور ان فقیروں کی کیا حیثیت کہ عزت کی بساط اور مجلس سجائیں۔ سب کچھ تیری قدرت و توانائی کی ہی کارفرمائی ہے۔ تائید فرما، توفیق بخش۔ ان نفوس افسردہ کو ابر موہبت کے چھینٹوں سے تازگی عنایت فرما اور پسماندہ روحوں کو شمس احدیت کے انوار سے منور کر۔ ان تڑپتی ہوئی مچھلیوں کو اپنے دریائے رحمت تک پہنچا اور راہ سے بھٹکے ہوئے قافلے کو اپنی احدیت کی پناہ گاہ کی راہ دکھا۔ گمراہوں کو چشمہ ہدایت تک پہنچا اور پریشان خاطروں کو عزت و اطمینان کے خیموں میں ٹھکانہ عنایت فرما، پیاسوں کو سلسبیل عنایت سے پلا اور مُردوں کو حیاتِ جاودانی کے زندگی بخش پانی سے زندہ کر۔ اندھوں کو بینائی اور بہروں کو شنوائی اور گونگوں کو طاقت گویائی عطا فرما۔ افسردہ دلوں کو گرما اور غافلوں کو ہوشیار کر۔ سونے والوں کو جگا۔ مغروروں کو متنبہ کر۔ توہی مقتدر، تو ہی بخشندہ و مہربان ہے۔ بیشک تو کریم اور صاحب بزرگی عظیم ہے۔
Ziyarat-Namih (Tablet of Visitation) AB03082
زیارت نامہ حضرت عبدالبہآء
الٰہی الٰہی !میں عاجزی اور فروتنی کے ہاتھ تیرے سامنے پھیلا رہا ہوں اور اس بارگاہ کی خاک پر اپنا منہ رگڑ رہا ہوں، جو حقیقت و کمالات رکھنے والے داناؤں کے ادراک سے بھی مقدس و برتر ہے۔ التجا کرتا ہوں کہ تو اپنے بندے کوچشم رحمانیت کی نظرسے دیکھ جو تیری احدیت کے دروازے پر خضوع و خشوع کر رہا ہے اور اسے اپنی بے پناہ رحمت کے سمندروں میں غوطہ دے۔
AB08838 AB08838
اللہ ابہیٰ!
اے خدا کی جانب متوجہ ہونے والے تمام ماسوا سے آنکھیں بند کرلے اور ملکوت ابہیٰ کی طرف آنکھیں لگا۔ جو چاہتا ہے اس سے چاہ، جو مانگتا ہے اس سے مانگ۔ وہ اپنی ایک نگاہ سے لاکھوں حاجتیں پوری کر دیتا ہے اور اپنی ایک ادنیٰ ترین التفات سے لاکھوں لاعلاج بیماروں کو شفا عطا فرماتا ہے۔ اس کی مہربانی کی ایک نگاہ ہی زخم کے لئے مرہم بن جاتی ہے اور دلوں کو قیود غم سے رہائی عطا فرماتی ہے جو کچھ کرتا ہے وہی کرتا ہے۔ ہم کیاکر سکتے ہیں۔ وہ فاعل مختار و حاکم مطلق ہے۔ پس سرتسلیم خم کر اور رب رحیم پر بھروسہ بہتر ہے۔ تجھ پر نور انوار روشن ہو۔